بنگلورو4؍جولائی(ایس او نیوز) سینئر کانگریس رکن اسمبلی کے بی کولیواڈ کا آج اتفاق رائے سے ریاستی اسمبلی اسپیکر کے طور پر انتخاب یقینی ہوگیا۔ اسپیکر کے عہدہ کیلئے کل ووٹنگ ہوگی ، لیکن ان کی طرف سے واحد نامزدگی داخل کئے جانے کے سبب کولیواڈ کا انتخاب تقریباً طے ہوگیا۔آج صبح وزیراعلیٰ سدرامیا ، ریاستی وزراء ٹی بی جئے چندرا، روشن بیگ، کاگوڈ تمپا ، تنویر سیٹھ اور دیگر نے مسٹر کے بی کولیواڈ کے پرچۂ نامزدگی کے اندراج کے مرحلے میں ان کا ساتھ دیا۔ مسٹر ٹی بی جئے چندرا نے اس موقع پر کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ہدایت دی کہ کے بی کولیواڈ کو اسمبلی اسپیکر کے عہدہ کیلئے میدا ن میں اتارا جائے۔ اس پر عمل کرتے ہوئے کانگریس کی طرف سے واحد امیدوار کے بی کولیواڈ کو نمائندگی دے دی گئی ۔ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے مرحلے میں متعدد کانگریس لیڈران اور وزراء نئے اسپیکر کے ہمراہ رہے۔ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے بی کولیواڈ نے کہاکہ اسمبلی اسپیکر کے انتخاب کے مرحلے میں پارٹی نے ان پر بھروسہ کیا ہے، انہیں یقین ہے کہ وہ کامیاب رہیں گے اور بہتر طریقے سے ایوان کی خدمت انجام دے سکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے پرچۂ نامزدگی میں ان کا نام تجویز کیا ہے، جبکہ ٹی بی جئے چندرا نے حمایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کے بی کولیواڈ کے نام کی تجویز خود انہوں نے کی ہے۔ کل ان کا انتخاب بلامقابلہ ہوجائے گا۔ کے بی کولیواڈ نے کہا کہ بحیثیت اسمبلی اسپیکر وہ ایوان کے وقار اور مرتبے کو بالاتر رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ تمام 224اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لے کر ان کے تعاون سے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ کاگوڈ تمپا کے استعفیٰ کے سبب مخلوعہ اسمبلی اسپیکر کے عہدہ کو کے بی کولیواڈ پر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سمیت کسی سے بھی غلطی ہوئی ہوتو اس کی اصلاح پر خاص توجہ دی جائے گی۔